بازی جیتنے کیلیے پٹے ہوئے مہروں کو ہٹانے پر غور

16

ویلنگٹن: گرین شرٹس نے کیویز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کی فیصلہ کن جنگ کیلیے تیاریوں کا آغازکردیا، بازی جیتنے کیلیے پٹے ہوئے مہروں کوہٹانے پرغور کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہیملٹن میں کیوی اوپنرز مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن کی ریکارڈ شراکت کے سامنے لاجواب ہونیوالی پاکستان ٹیم پیر کو ویلنگٹن پہنچی تو بارش نے استقبال کیا، منگل کو بھی موسم خراب رہا، رم جھم رکنے پر گرین شرٹس نے میدان کا رخ کیا، اس دوران مینجمنٹ اگلے میچ کی حکمت عملی پر بات کرتی رہی، ذرائع کے مطابق کمبی نیشن میں کمزور مہرے ثابت ہونے والے کھلاڑیوں کے حوالے سے سب ہی فکرمند ہیں، دونوں میچز میں بیٹنگ میں ناکامی کے ساتھ ناقص فیلڈنگ بھی کرنے والے صہیب مقصود کو ڈراپ کرکے محمد رضوان یا انورعلی میں سے کسی ایک کو آزمانے پر غور کیا جارہا ہے۔

احمد شہزاد کو باہر بٹھائے جانے پر دونوں پلیئنگ الیون میں شامل کیے جا سکتے ہیں، اس صورت میں ٹاپ آرڈر میں سرفرازاحمدکو بھیجا جاسکتا ہے۔ دریں اثنا گذشتہ روز کھلاڑیوں نے ابتدا میں وارم اپ ہونے کیلیے رننگ کی، پھر دائیں سے بائیں باؤنڈری تک ریسز بھی ہوئیں، نصف گھنٹے تک کیچنگ اور تھرو کی مشترکہ پریکٹس میں کھلاڑیوں نے اپنے نشانے درست کیے، گرانٹ لیوڈن خامیوں کی نشاندہی کرتے اور جوش بڑھاتے رہے، بعد ازاں نیٹ میں بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی زیرنگرانی بیٹسمین باری باری جارحانہ اسٹروکس کھیلنے کیساتھ اچھی گیندوں پر سنگلز کیلیے دوڑنے کی مشق کرتے رہے۔

اس دوران ہیڈ کوچ وقاریونس کی رہنمائی میں بولرز کی کوشش رہی کہ بڑے اسٹروکس کو روکا جائے، سابق کپتان نے سوئنگ کیلیے سازگار ویلنگٹن کی پچ سے فائدہ اٹھانے کیلیے مفید مشورے بھی دیے، محمد عامر، وہاب اور عمرگل کو شارٹ گیندوں اور یارکرز پھینکنے کی خصوصی مشقیں بھی کرائی گئیں۔

بیٹنگ میں شاہد آفریدی، شعیب ملک اور سرفراز احمد نے کھل کر اسٹروکس کھیلے جب کہ وہاب ریاض کو بھی پاور ہٹنگ کا موقع ملا، اس دوران عامر یامین کی ایک اٹھتی ہوئی گیند ان کے بازو پر لگی جس کے بعد برف کی ٹکور کرنا پڑی، ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ پیسر کا زخم معمولی تھا اور وہ جمعے کو شیڈول فیصلہ کن میچ کیلیے دستیاب ہونگے۔ ہیڈکوچ وقار یونس نے میدان میں ہی اپنے مختصر لیکچر میں کھلاڑیوں کے حوصلے جوان کرنے کی کوشش کی، انھوں نے کہاکہ ہیملٹن میں شکست کو بھول کرویلنگٹن میں نیا میچ نئے جوش کے ساتھ کھیلنے پر ہی کامیابی ملے گی۔

مہمان ٹیم کے پاس گنوانے کو کچھ نہیں، صرف جیت کا عزم لیے میدان میں اتریں،انھوں نے پلیئرز سے کہا کہ ملک اور بیرون ملک کروڑوں شائقین کی نگاہیں آپ پر مرکوز ہیں، پاکستان کیلیے پرفارم کرنے کی سوچ لے کر ایک جذبے کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔

Leave a Reply