انڈر 19کرکٹ؛ پاکستانی’’بچے‘‘ گر کر سنبھل گئے، پہلی پوزیشن پالی

17

دبئی:  ٹرائنگولر انڈر 19 کرکٹ سیریز میں پاکستانی ’’بچے‘‘ گرکرسنبھل گئے اور پہلی پوزیشن پالی، ٹیم نے گذشتہ روز نیوزی لینڈ کو31 رنز سے قابوکیا،ابتدائی دونوں میچزمیں ناکام گرین شرٹس کو اگلے دونوں مقابلوں میں فتوحات نے بہتر رن ریٹ کی بدولت فاتح بنایا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں 280 رنز کے ہدف کا پیچھا کرنے والی نیوزی لینڈ کی ابتدائی تین وکٹیں صرف 11 رنز پر گرگئیں، لیگ اسپنر حسن محسن نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوںپلیئرز کو پویلین بھیجا،آدھی کیوی ٹیم صرف 67 پرپویلین لوٹ گئی، اس موقع پر کرسٹیان لیپرڈز نے کریز سنبھالی۔

انھوں نے ابتدائی 7 گیندوں پر 3 چھکے جڑتے ہوئے خطرناک عزائم کا اظہار کیا، پھر ارسل شیخ کے22 ویں اوور میں2 چھکے اور اتنے ہی چوکے جڑتے ہوئے 27 گیندوں پر ففٹی مکمل کرلی، لیپرڈز 6 رنز فی اوور تک پہنچ جانیوالے رن ریٹ کو بھی4.5 تک لے آئے، سنچری مکمل کرنے کیلیے انھوں نے 61 گیندیں کھیلیں جس میں7 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔

10 مزید بالزکھیلنے کے بعد جب وہ 116 پر پہنچے توحسن خان نے انھیں شکار کرلیا،اس موقع پر ٹیم کا اسکور 206 تھا، باقی 2 وکٹیں 248 تک پہنچنے کے بعد گر گئیں۔ اس طرح گرین شرٹس نے دو شکستوں کے بعد مسلسل دوسری کامیابی کیساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی، نیوزی لینڈ کی ٹیم اتنے ہی میچز کھیل کر 2 ہی فتوحات کیساتھ دوسرے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر رہا۔

اس سے قبل ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ پر مجبور پاکستانی ٹیم کی جانب سے 58 رنز بنانے والے کپتان گوہر حفیظ 26اوورز تک کریز پر موجود رہے، 110 پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد48 رنز اسکور کرنے والے شاداب خان نے سیف بدر کیساتھ مل کر اسکور کو 200 تک پہنچایا، سیف نے6 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 73 گیندوں پر ناقابل شکست99 رنز بنائے، پاکستانی بیٹسمینوں نے آخری 5اوورز میں 58 رنز بٹورتے ہوئے اسکور کو 9 وکٹ پر 279 تک پہنچالیا۔

Leave a Reply