کراچی میں قیامت خیز گرمی سے ہلاکتوں کی تعداد 339 ہوگئی، مردہ خانوں میں جگہ کم پڑ گئی

4

کراچی: شہر قائد میں جاری شدید گرمی کی لہرسے جاں بحق افراد کی تعداد 339 ہوگئی جب کہ دوسری جانب بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے بعد شہر کے مختلف سردخانوں میں میتوں کیلئے جگہ کم پڑگئی ۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قیامت خیز گرمی، بدترین لوڈشیڈنگ اور حبس کے باعث شہرمیں جاں بحق افراد کی تعداد 339 تک پہنچ گئی۔ کراچی کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال جناح اسپتال کی ترجمان ڈاکٹرسیمی جمالی کے مطابق اسپتال میں اب تک 141 میتیں لائی گئی ہیں۔ عباسی شہید اسپتال میں 24 گھنٹے کے دوران 69 میتیں لائی گئی جب کہ کے ایم سی اسپتالوں میں گرمی سے اموات کی تعداد 67 ریکارڈ کی گئی ہے اور قطر اسپتال میں 24 گھنٹے کے دوران 23 میتیں لائی گئیں اس کے علاوہ لیاقت نیشنل میں 22 اور انڈس اسپتال میں 17 افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں۔
شہر قائد میں گرمی کی شدت کے باعث حکومت کہیں نہیں دکھائی دی کسی بھی حکومتی اہلکار نے نہ تو اسپتالوں کا دورہ کیا اور نہ ہی کوئی ایمرجنسی نافذ کی گئی جب کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی شعیب احمد صدیقی نے شہر کے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔ ايدھی ترجمان کے مطابق شہرمیں گرم موسم کے باعث لواحقین نے اپنے پیاروں کی لاشیں اتنی بڑی تعداد میں سرد خانے میں رکھوائی ہیں کہ جگہ کم پڑچکی ہے اور ہفتے تو آج تک سرد خانے میں 500 سے زائد میتیں لائی جاچکی ہیں۔ ايدھی سرد خانے كے عملے كا كہنا تھا كہ روزمرہ كے دوران شہری ميتيں ركھواتے تھے ليكن حاليہ دنوں ميں گرمی ميں اضافے كی وجہ سے اب اس رجحان ميں اضافہ ہوگيا اور لوگوں كی بڑی تعداد میتیں رکھوانے ايدھی سردخانے آرہی ہے جہاں ميت كو ٹھنڈک ميں محفوظ ركھا جاتا ہے جب كہ غسل كے ليے پانی بھی وافر مقدار ميں موجود ہے، اس كے علاوہ كفن كا بھی مكمل انتظام ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت آج برقرار رہے گی اورپری مون سون بارشوں کا سلسلہ ملکی بالائی علاقوں میں جاری ہے اور کل سے یہ سلسلہ سندھ میں داخل ہوگا اور کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں پری مون سون بارش کا امکان ہے۔
ماہرین طب نے کہا ہے کہ اس گرم موسم میں کھانے پینے میں احتیاط رکھی جائے،شدید گرمی اورتپتی دھوپ میں بچوں اور ضیعف العمرافراد کو باہر نہ نکلنے دیں، متاثرہ افراد کو سر درد اور چکر آنے کے ساتھ قے کی علامات ہونے پرفوری اسپتال رجوع کیا جائے، لولگ جانے کی صورت میں متاثرہ افرادکوٹھنڈی جگہ منتقل کیاجائے اورگھرکے ٹھنڈے مشروبات استعمال کرائے جائیں، گرم موسم میں لیمن (لیموں) نچوڑ کر شربت پینا بھی مفید ہوتا ہے

Leave a Reply